سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے شوہر کو جوبائیڈن سے شکست تسلیم کر لینے کا مشورہ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ میلانیاحلقے کے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ٹرمپ کو جوبائیڈن سے شکست تسلیم کر لینے کا مشورہ دے رہی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ میلانیا نے اگرچہ انتخابات کے بارے میں عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم وہ شوہر کو نجی طور پر مشورے دینے میں پیش پیش ہیں۔
دوسری جانب یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ میلانیا شدت سے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کی منتظر ہیں۔
ٹرمپ حکومت کی سابق عہدیدار اسٹیفنی ووک آف نے دعویٰ کیا ہے کہ میلانیا شدت سے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کی منتظر ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے ساتھ ہی میلانیا طلاق لے لیں گی۔
سابق حکومتی عہدیدار اسٹیفنی ووک آف کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن ہارنے کے ساتھ ہی اپنی بیوی کھونے کا بھی صدمہ برداشت کرنا پڑے گا کیونکہ میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر سے جلد طلاق لینے جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں، ریاست پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی جبکہ اُن کے حریف ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔