پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں تقرری کے معاملے میں سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کر لیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ میں تقرری پر پہلا حق میرا بنتا ہے۔
انہوں نے استدعا کی ہے کہ اگر میرا تقرر نہیں کیا جا رہا تو خالی ہونے والی سیٹ پر میرے کیس کے فیصلے تک کسی کا تقرر نہ کیا جائے۔
جسٹس وقار سیٹھ نے استدعا کی ہے کہ میری پہلے سے زیر التواء درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے، میری درخواست پر فیصلہ ہونے تک جوڈیشل کمیشن کسی کے نام کی سفارش نہ کرے۔
درخواست میں انہوں نے استدعا کی کہ سینیارٹی کے مطابق جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ کے بعد مجھے سپریم کورٹ لایا جائے۔
جسٹس وقارسیٹھ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملک کی تمام ہائی کورٹس میں سب سے سینئر جج ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اس سے قبل بھی مجھ سے جونیئر ججز کو سپریم کورٹ کا جج لگایا گیا، جسٹس اعجاز افضل کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوسرے صوبے سے جج لگایا گیا تھا۔