• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومنی گروپ کی مناہل مجید، علی کمال، نمر مجید، صائمہ علی اشتہاری قرار

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اومنی گروپ کے خلاف جعلی کاشتکاروں کے ذریعے گنے کی سبسڈی میں خورد برد کے ریفرنس میں اومنی گروپ کی مناہل مجید، علی کمال، نمر مجید اور صائمہ علی کو اشتہاری قرار دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے چاروں ملزمان مناہل مجید، علی کمال، نمر مجید، صائمہ علی کے شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے تفتیشی افسر وقار احمد نے اشتہاری قرار دینے سے متعلق عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا ان ملزمان کی پاکستان میں موجودگی کا معلوم نہیں ہو سکا ہے؟


نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 2 ملزمان پاکستان میں جبکہ 2 بیرونِ ملک روپوش ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اومنی گروپ کے خلاف سبسڈی میں خورد برد کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین