• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر مافیا آئندہ قیمتیں نہیں بڑھا سکے گی، وزیراعظم

شوگر مافیا آئندہ قیمتیں نہیں بڑھا سکے گی، وزیراعظم


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل کر ترقی کی جانب گامزن ہے‘ تمام اقتصادی اعشاریے مثبت ہیں‘برآمدات میں24 فیصد اضافہ ہوا‘ ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی اور آٹو موبائلز کی فروخت بڑھی ہے، سمندر پار مقیم پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور سب سے زیادہ محب وطن ہیں۔

جب اقتدار سنبھالا تو معاشی صورتحال خراب تھی، آدھے سے زیادہ ٹیکسز قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہوتے تھے، ملک کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 20 ارب ڈالر تھا، اگرسابقہ حکومتوں کے قرضوں کا بوجھ نہ ہوتا توصورتحال مزید بہتر ہوتی‘مہنگائی بھارت میں بھی ہے مگر یہاں کا میڈیا اس کے بارے میں نہیں بتاتا‘ گزشتہ چار ماہ میں کوئی نیا قرضہ نہیں لیا گیا، مہنگائی اپوزیشن کا پروپیگنڈا ہے۔

معیشت خراب کرنے کے ذمہ دار اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں‘موسمی حالات کی وجہ سے گندم کی پیداوار کم ہوئی، ملک میں گندم اور چینی کا بحران پیدانہیں ہونے دیں گے ‘موثر معاشی پالیسیوں سے 17 سال بعد کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہا ہے‘نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے اجراءکے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کا موقع دے رہے ہیں ۔

عمران خان نے جمعرات کو یہاں اسٹیٹ بینک کے زیر اہتمام نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی ممالک میں اسلامو فوبیا کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جو باعث تشویش ہے‘خطہ کے دیگر ممالک میں بھی کووڈ۔19 کی وجہ سے غذائی افراط زر ہے کیونکہ سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔

بدقسمتی سے چینی میں کارٹیلائزیشن ہے جس کے تدارک کیلئے مسابقتی کمیشن اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی کامیابیوں کو اجاگر کرنا چاہئے۔حکومت نے بہتر مالیاتی نظم و ضبط کے تحت اخراجات کم کئے ہیں اور گذشتہ چار ماہ کے دوران کوئی نیا قرض نہیں لیا گیا۔

دریں اثناءعمران خان نے معیشت کے لئے تعمیراتی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حکومتی اجازت ناموں و دیگر متعلقہ کاروائیوں میں بے جا تاخیر نہ کی جائے ‘ سرمایہ کاروں کے لیے منظوریوں کا عمل سہل اورہر شعبے میں آسانیاں پیداکی جائیں۔ وہ جمعرات کو یہاں قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات وترقی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ حکومت کی توجہ سرمایہ کاروں کے لیے ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں وسیع صلاحیت موجود ہے، ملک کی ضروریات پوری کرنے اور آئی ٹی کی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے اس صلاحیت سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی ٹیکنالوجی زون کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے نوجوان نظر انداز کردہ آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ 

وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام میں خصوصی مراعات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے باصلاحیت اوورسیز پاکستانیز بھی اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین