• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کوئی بھی بڑا دہشت گردی کا واقعہ کر سکتا ہے، شیخ رشید


وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بھارت ملک میں کوئی بھی بڑا دہشت گردی کا واقعہ کر سکتا ہے۔

لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت، پاکستان کو اندر سے تباہ کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان کو سرحدوں پر نقصان نہیں پہنچا سکتا کیونکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ تمام سیاسی جماعتوں نے بڑے جلسے کیے ہیں، سیاستدان اپنی سکیورٹی کا خیال رکھیں، را کسی کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کو سمجھ آ چکی ہے کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی، انہوں نے جو کچھ کہا ہے وہ اپنے والد کی نفی کی ہے، الیکشن میں ہارنے والا یہی کہے گا کہ دھاندلی ہوئی ہے، اب تو امریکا میں بھی ہار کو تسلیم نہیں کیا جارہا۔

اُن کا کہنا ہے کہ یہ لوگ ایک ٹکٹ میں دو مزے لینا چاہتے ہیں، عمران خان بہت محنت کر رہے ہیں، تیس دسمبر سے پہلے پہلے عمران خان مہنگائی کو کنٹرول کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے غیر سیاسی اور غیر اخلاقی بیان کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتے، شہباز شریف، نواز شریف کو سعودی عرب سے لے کر آئے تھے، جہانگیر ترین آگئے ہیں، اب نواز شریف کو بھی آجانا چاہیے، جہانگیر ترین اپنے بچوں کے ساتھ واپس آگئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان اورن لیگ کا بیانیہ قریب قریب ہے، پیپلز پارٹی اس بیانیے کے ساتھ نہیں چلے گی، عمران خان حکومت میں رہیں یا نہ رہیں، وہ کسی کرپٹ سے معاملہ نہیں کر سکتے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، مسلط کی گئی تو بچہ بچہ ملک کی حفاظت کرے گا۔ 

تازہ ترین