وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 865 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ کورونا سے متاثرہ 16 مریض انتقال کر گئے۔
کراچی سے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13320 نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں سے 865 افراد میں کورونا وائرس مثبت آیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 16 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2738 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 335 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مختلف اسپتالوں میں زیر علاج 366 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ان میں سے 39 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ 865 نئے کیسز میں سے 666 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ضلع شرقی 259، ضلع جنوبی 192، ضلع وسطی 93، کورنگی 57، ملیر 37 اور ضلع غربی سے 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔