پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے شوقین صوفی عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ نے اپنی موت سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر خبریں زیرگردش تھیں کہ چاچا کرکٹ انتقال کر گئے ہیں، اس کے جواب میں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا اور کہا کہ وہ زندہ اور صحتمند ہیں۔
چاچا کرکٹ کی موت سے متعلق افواہوں نے اس وقت جنم لیا جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کیوریٹر حاجی بشیر کی ہارٹ اٹیک سے انتقال کی خبر شیئر کی۔
پی سی بی نے اپنے ٹوئٹ میں حاجی بشیر کی تصویر بھی منسلک کی جسے لوگ چاچا کرکٹ سمجھ بیٹھے اور یوں ان کے موت کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ موت برحق ہے اور سب کو ایک نہ ایک دن آنی ہے۔
چاچا کرکٹ نے کہا کہ جس نے بھی میری موت سے متعلق افواہ پھیلائی ہے اللہ اسے ہدایت دے۔
خیال رہے کہ چاچا کرکٹ گزشتہ 50 سال سے کرکٹ سے وابستہ ہیں، شائقین کرکٹ کی بات کی جائے تو چاچا کرکٹ کا نام اول نمبر پر آتا ہے۔