• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس (کووڈ19)سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر جو کوششیں ہو رہی ہیں اُن میں سرِفہرست اِس سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری کا کام ہے جس کے لئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے یہ جلد منظر عام پر آجائے گی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ممکنہ ویکسین کی خریداری کے لئے 15کروڑ ڈالر (24ارب 75کروڑ روپے) کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے بجا طور پر پی ٹی آئی حکومت کے ادراک کا ثبوت دیا ہے جس کے لئے اس وقت زیادہ تر امیر ممالک تگ و دو کر رہے ہیں۔ یہ منظوری وزارتِ قومی صحت، ریگولیشنز و کو آرڈی نیشن کی تجویز پر دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ شعبہ صحت کے ملازمین اور 65سال سے بڑی عمر کے افراد کے لئے استعمال کی جائے گی جوملکی آبادی کا پانچ فیصد یعنی ایک کروڑ ہیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت صحت کو ہدایت کی ہے کہ ویکسین کی خریداری کے لئے وزارت اقتصادی امور کے تعاون سے عالمی بینک اور دیگر اداروں سے مالی امداد کی فراہمی کے لئے تبادلہ خیال کریں تاکہ پہلے مرحلےمیں مطلوبہ ویکسین اور پھر بعد میں اُسکی اضافی مقدار خریدی جاسکے۔ عالمی سطح پر یہ بات محسوس کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ممکنہ ویکسین کی قیمتیں سردست امیر لوگوں کی دسترس میں ہو سکیں گی تاہم اقتصادی رابطہ کمیٹی نے متذکرہ قیمتوں اور رسک کو کم کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویکسین کی جلد از جلد تیاری میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی غرض سے مختلف ممالک اور کمپنیاں سخت تگ و دو کر رہی ہیں اس طرح مارکیٹ میں آنے والی پہلی ویکسین مہنگی ترین ہونے کے خدشات سامنے آرہے ہیں عالمی ادارہ صحت کو اس ضمن میں اپنا کردار اداکرتے ہوئے پیشگی اقدامات کر لینا چاہئیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین