• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی حکومت سلیکٹڈ ہے منتخب نہیں، امیر حیدر ہوتی

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا یہ سلیکٹڈ ہے منتخب نہیں۔

پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں موجودگی نے ثابت کردیا کہ خیبر پختون خوا پی ٹی آئی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا سب سے پہلے ہم سب کا ہے اور رہے گا، پی ٹی آئی یہاں کی حکمران جماعت نہیں، اسے یہاں کے عوام نے منتخب نہیں کیا، اسے مسلط کیا گیا ہے۔


اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی، ہمیں غیر جانبدار اور شفاف انتخابات چاہئیں، ملک میں صرف اور صرف آئین کی حکمرانی ہوگی۔

امیر حیدر خان ہوتی نے یہ بھی کہا کہ ملک میں صرف پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کی بالادستی ہوگی، کسی کو حق نہیں کہ انتخابات میں مداخلت کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں کرپشن کر کے پشاور کا بیڑہ غرق کیا، یہ حکومت نالائق اور تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے۔

اے این پی رہنما نے کہا کہ بہت صبر کرلیا اب مزید گنجائش نہیں، پوچھتے ہیں این ایف سی کا 3 فیصد اور 100 ارب روپے کہاں گئے؟

تازہ ترین