پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب وہ جیل میں تھیں، تو انہیں چوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایا جاتا تھا، پھپوندی زدہ دوائیں دی جاتی تھیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ جس طرح ملک کے حالات ہیں اس میں حکومت کاجانا بنتا ہے۔
جاتی امرا میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ جس طرف حالات جارہے ہیں ہم کسی خوفناک حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں؟
اس کا جواب دیتے ہوئے پر مریم نواز نے کہا کہ میرا بھی یہی خوف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف میاں نواز شریف سے وفاداری کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں، حمزہ شہباز کو بھی نواز شریف سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا قاضی فائز عیسیٰ سے آج تک رابطہ نہیں ہوا، اگر عدلیہ اسٹینڈ لے تو یہ حالات نہ ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے مجھے ملتان جلسے میں شرکت کی ہدایت کی ہے، میرا تجزیہ ہے حالات بہت خراب ہیں، حکومت مزید نہیں چل سکتی، گیس کا بحران آنے والا ہے، بجلی کے بل ایک، ایک لاکھ آرہے ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ آج حکومت اسرائیل کی بات کررہی ہے، کشمیر کا آپ مقدمہ ہار چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں جیل میں تھی تومجھےچوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایاجاتا تھا، مجھے جیل میں ادویات بھی صحیح نہیں دی جاتی تھیں، میں جیل میں فنگس زدہ ادویات کھانے پر مجبور تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ دادی کی وفات سے دو تین روز قبل ویڈیولنک پر بات ہوئی تھی، دادی کی یاداشت کمزور ہوچکی تھی، آخری بار جب دادی سے بات ہوئی تو پوچھ رہی تھیں کہ کیا تم جیل سے باہر آگئی ہو، میری دادی سمجھ رہی تھیں کہ میں ابھی تک جیل میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے دادا، دادی کو نواز شریف اور شہباز شریف سے بہت محبت تھی، میری دادی کو بھی میرے والد سے بہت محبت تھی، ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود وہ میاں نوازشریف کےلئے لندن گئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دادی کی وفات شریف خاندان کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہے، حکومت نے دادی کی وفات کے بارے میں نہیں بتایا، میرا بیٹا جنید صفدر مجھے لاہور سے اطلاع دینے کےلئے پشاور روانہ ہوا تھا، پشاور جلسے میں کسی بھی طرح کا ٹیلی فونک رابطہ نہیں ہورہا تھا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ میاں نوا شریف کو میں نے وآپس آنے سے منع کیا۔