قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم اکرم نیوزی لینڈ میں پاکستانی کرکٹرز کے رویے پر برہم ہوگئے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وسیم اکرم نے نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
انہوں نے نیوزی لینڈ میں سیریز کھیلنے کے لیے موجود کرکٹرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ یہ پروفیشنل کرکٹرز ہیں یا کوئی بچے ہیں؟ جو انہیں ہر بات بتانے کے لیے بندہ پیچھے لگایا جائے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ کرکٹرز کو معلوم ہونا چاہئے کہ کس ملک میں کیا پروٹوکولز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پلیئرز کی اپنی حفاظت کے لیے بھی بہت ضروری ہیں۔
سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز مشکل ہوگی، ٹیم کو مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔