• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس سے متعلق اپنا پلان واضح کریں، رحمٰن ملک

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور داخلہ کے چیئرمین رحمٰن ملک نے وزیراعظم عمران خان سے کورونا وائرس سے پیدا حالات میں اپنا پلان واضح کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر داخلہ نے ملک میں میڈیکل ایمرجنسی کے لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں کورونا کیسز میں اضافے سے اسپتال بھر گئے ہیں، کئی مریضوں کو بیڈ نہیں مل رہے ہیں۔

رحمٰن ملک نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے زیادہ لوگ متاثر ہورہے ہیں، اسپتالوں میں فوری بیڈ اور آکسیجن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


ان کا کہنا تھا کہ حکومت ویکسین بھی جلد از جلد منگوانے پر توجہ دے اور اپنی ترجیح میں شامل کرے کیونکہ کئی ممالک اب ویکسین خرید چکے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلاکر کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی پلان پر بحث کرائے اور وزیراعظم تمام پارٹیوں کے ساتھ بیٹھ کر اس کا حل نکالیں۔

رحمٰن ملک نے کہا کہ اس وقت ہماری سرحدوں پر کیا ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے، کورونا وائرس کے ساتھ مہنگائی اور بڑھ رہی ہے جبکہ وبائی مرض کی تیسری لہر آنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کرے، موجودہ حالات میں سیاسی ٹکراؤ سے جمہوریت کو نقصان ہوگا۔

تازہ ترین