• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو رخصت کرنے کیلئے PDM متحد ہے: سعد رفیق

مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق ہتے ہیں کہ 13 دسمبر کے جلسے میں عوام بھرپور شرکت کریں گے، اس حکومت کو رخصت کرنے کے لیے پی ڈی ایم متحد ہے۔

لاہور میں صدر مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہبازشریف کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) لاہور کے جلسے کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہی ہے، 13 دسمبر کا یہ جلسہ فقیدالمثال ہو گا۔

سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے اپنے دور میں بہتان تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا، جس دن شہباز شریف کی والدہ کا انتقال ہوا، انہیں اسی روز رہا کرنا چاہیئے تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا ہر اجتماع عوامی ریفرنڈم تھا، عوام ووٹ چور حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔


رہنما نون لیگ نے کہا کہ ان لوگوں نے پاکستانی کی معاشی ترقی کو ریورس گیئر میں ڈال دیا، 13 دسمبر کو کامیاب جلسہ ہو گا، حکومت رکاوٹیں کھڑی نہ کرے، لاہور کے لوگ رکاوٹیں ہٹانا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے مشکور ہیں جو تعزیت کے لیے جاتی امراء اور ماڈل ٹاؤن آئے، سیاست میں رواداری بہت ضروری ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ تعزیت کیلئے آنے پر سراج الحق، پرویز الہٰی اور یوسف رضا گیلانی کے مشکور ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چوہدری نثار علی خان سے ساری زندگی تعلق رہا ہے، آج بھی ہے،انہوں نے بھی جاتی امراء میں شہباز شریف سے ملاقات اور تعزیت کی۔

خواجہ سعد رفیق صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے آئے تھے۔


والدہ کے انتقال کے باعث پیرول پر رہا کیئے گئے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آج پیرول ختم ہونے پر کوٹ لکھپت جیل واپس جائیں گے۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز 27 نومبر کو4 بجے 5 روزہ پیرول پر رہا ہوئے تھے، پنجاب حکومت نے کل ان کی پیرول پر رہائی میں 24 گھنٹےکی توسیع کر دی تھی۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے محکمۂ داخلہ پنجاب کو میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، جن کی تدفین میں شرکت کے لیے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

تازہ ترین