• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کے MPA کی قتل کےمقدمے میں ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے قتل کے مقدمہ میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فیصل زمان کی 10 دسمبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور کے پی پولیس کو ایم پی اے کی فوری گرفتاری سے روک دیا ہے ۔

کے پی اسمبلی کے ایم پی اے فیصل زمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ آزاد حیثیت میں ہری پور سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور کوئی سیاسی جماعت جوائن نہیں کی۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ صوبے میں حکمران جماعت پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے اور شمولیت اختیار نہ کرنے پر جھوٹا کیس بنوا دیا گیا ۔

ایم پی اے فیصل زمان نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی ایف آئی آر میں دو ماہ بعد اعترافی بیانات کی روشنی میں ملزم بنایا گیا۔

ان کاکہنا تھا کہ میرا اپنے علاقے میں سیاسی قد کاٹھ ہے اور حکمران جماعت گرفتاری کے ذریعے تضحیک چاہتی ہے، سیاسی انتقام کے باعث فوری گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔

فیصل زمان نے کہا کہ میرے خلاف درج ایف آئی آر جھوٹی اور من گھڑت ہے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ اس عرصہ میں متعلقہ عدالت سے رجوع کر سکوں۔

عدالت نے ایم پی اے فیصل زمان کی استدعا منظور کر تے ہوئے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کی ہے اور انہیں اس عرصہ کے دوران متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔

تازہ ترین