وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگل کا کہنا ہے کہ اپوزیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے اپنے استعفے اسپیکر کو دیں۔
انہوں نے کہا کہ استعفےاسپیکر کے بجائے ریجیکٹڈ مولانا کے پاس جمع کرنا جعلی استعفوں کی دلیل ہے۔
شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کے اسٹیج پر اکھٹے یہ کرپشن زدہ چہرے پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ قوم جان چکی کہ کرپشن آپکا ایمان اور بلیک میلنگ آپکے ہتھیار ہیں، جتنے مرضی جتن کر لو، ڈرامے بازیوں سے کام نہیں چلنے والا.
شہباز گل کا کہنا تھا کہ طے ہو چکا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کے ناسوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی حزب اختلاف کے حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس اپنے استعفے جمع کروا دیں گے۔
دو روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں تمام سربراہان نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کا موقف پیش کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم تحریک دھاندلی کے پورے نظام کے خلاف ہے ۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک تمام پارٹیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کروا دیں گے جو لانگ مارچ کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جائیں گے۔