• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، بہتری کے لیے ایس ایم ایز کا فروغ ضروری ہے، اس سے معیشت مستحکم ہوگی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

قومی رابطہ کمیٹی برائے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر صنعت محمد حماد اظہر، معاون خصوصی عثمان ڈار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، صنعت، کامرس، خزانہ، توانائی، پیٹرولی اور قانون ڈیویژن کے سیکریٹری صاحبان، چیئرمین ایف بی آر، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، کمشنر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سی ای او سمیڈا، ایم ڈی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کو بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقے کی سہولت کیلئے ٹیکس فارم آسان بنایا جا رہا ہے، صوبوں میں ورکنگ گروپس قائم ہوچکے ہیں ، ایس ایم ایزکا ڈیٹا بیس ترجیحی بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ایس ایم ای فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مقرر اہداف کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کا اہم جزو ہیں، ان کو فروغ دے کر معیشت مستحکم ہوگی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں اس لیے ان میں مزید بہتری کے لیے ایس ایم ایز کا فروغ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں ویڈیو لنک سے چیف سیکریٹری سندھ اور گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹریز صنعت، سی ای او ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان بھی شریک ہوئے۔

تازہ ترین