پوری دنیا کو اپنی سحر میں جکڑنے والی سیریز کے مرکزی کردار ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار تامیر یاگت آج کے بعد سیریز میں دکھائی نہیں دیں گے۔
کورلش عثمان کے ٹریلر کے مطابق کورلش عثمان کے سیزن 2 کی آج رات نشر ہونے والی 40 ویں قسط میں ’ارطغرل غازی‘ کا کردار اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
7 اکتوبر کو ترکی کے وقت کے مطابق رات 8 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے کورلش عثمان کے سیزن 2 کا آغاز ہوا تھا۔
ترکی کے اے ٹی وی پر کورلش عثمان کو نشر کیا جاتا ہے۔
کورلش عثمان کے پہلے سیزن میں کُل 28 قسطیں تھیں، کورلش عثمان کے دوسرے سیزن میں چند نئے کرداروں کا اضافہ بھیہوا جبکہ ارطغرل غازی کی بھی واپسی ہوئی جسے مداحوں نے خوب پسند کیا تھا۔
لیکن آج 40ویں قسط میں ارطغرل غازی طبعی موت مر جائیں گے، ایک تصویر سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں کورلش عثمان کے مرکزی کردار عثمان اپنے والد کو کاندھا دئیے جارہے ہیں۔
کورلش عثمان کے سیزن 2 میں انگین آلتان کی جگہ تامیر یاگت ارطغرل غازی کے روپ میں نظر آئے۔
ارطغرل کے کرداروں میں سے صرف بامسی اور عبدالرحمٰن کورلش عثمان کے سیزن 1 میں نظر آئے تھے جو بعد میں سیزن 2 کا بھی حصہ بنے۔
واضح رہے کہ کورلش عثمان سیزن ون میں ارطغرل غازی کے بیٹے عثمان کی جوانی کی جدوجہد کو دکھایا گیا تھا جو منگولوں اور کلوچسائیار قلعے میں موجود دشمنوں کے خلاف تھی۔
پہلے سیزن کا اختتام جون کے آخر میں ہوا اور جس موڑ پر اسے ختم کیا گیا، اس نے لوگوں کے اندر دوسرے سیزن کے اشتیاق کو بڑھا دیا تھا اور جب سے وہ اس کا انتظار کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔