• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن اتحاد بند گلی میں داخل ہوگیا، سراج الحق


امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) حکومت کی طرح بند گلی میں داخل ہوگیا ہے۔

گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ کورونا وائرس بھی ختم ہوگا اور سیاسی وائرس بھی اختتام کو پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ کے ارکان کی تعداد 50 سے بڑھ گئی ہے، وزیراعظم کو خود بھی معلوم نہیں کہ کون اُن کا وزیر اور کون مشیر ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ مشیر اور وزیر بھی ایک دوسرے کو نہیں جانتے ہیں، کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے تو وزراء ایک دوسرے کو جانتے تک نہیں ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنا گھر تو قانونی بنالیا لیکن غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر پھیر دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئندہ کسی بھی غریب کی جھونپڑی کی طرف کوئی آیا تو نشان عبرت بنادیں گے، کسی غریب کا گھر اب گرا تو ہمارا ہاتھ اور ان کا گریبان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب تو عمران خان نے خود بھی اعتراف کرلیا کہ اُن کی حکومت سنبھالنے کی تیاری نہیں تھی، چاہتا ہوں کہ انہیں تیاری کے لیے دوبارہ پرائمری اسکول میں داخل کرادیا جائے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کے سبب سانس لینا مشکل ہوگیاہے، یہ قوم کیا کرے، قوم نے ہمیشہ پاکستان کےلئے قربانی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مزدور کش حکومت ہے، حکمرانوں نے قوم کی خاطر ایک دن یا ایک روپے کی قربانی نہیں دی، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریلوے 20 ارب روپے کے خسارے میں ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لینڈ مافیا، شوگر مافیا، آٹا مافیا تمام سیاسی پارٹیوں میں موجود ہیں، ہمارا دور آیا تو شہزادوں اور شہزادیوں سےایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہزادے اور شہزادیاں شہر شہر جا کر عوام کو اپنا چہرہ دکھا کر احسان کرتے ہیں،ان کی گاڑیوں میں تیل بھی عوام کا ہے۔

تازہ ترین