قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس دوسرے میچ میں کیچز ڈراپ ہونے سے مایوس دکھائی دے رہے ہیں، محمد عباس کا کہنا ہے کہ کیچز ڈراپ ہونا ہمارے لیے مہنگا ثابت ہوا ہے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم ہے ۔ دوسرے روز ابتدائی سیشن میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی تین وکٹیں 71 رنز پر حاصل کر لی تھیں اس کے بعد چانسز سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا اور نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا لیے ہیں ۔ کپتان کین ولیمسن 112 اور ہنری نکلز 89 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
محمد عباس نے کہا کہ میچز میں کیچز ڈراپ ہونے سے مایوسی ہوتی ہے بطور باؤلر اگر وکٹ ملے اور نو بال ہو جائے تو پھر بھی باؤلر کو مایوسی ہوتی ہے۔
محمد عباس نے کہا کہ کین ولیمسن ورلڈ نمبر ون بیٹسمین ہیں، کسی بھی ورلڈ کلاس کا کیچ چھوڑتے ہیں تو وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتا ہے، کچھ یہی کین ولیمسن نے کیا۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے سیشن میں بہت محنت کی دوسرا سیشن بھی اچھا رہا لیکن تیسرے سیشن میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محمد عباس نے کہا کہ اب کوشش یہی ہو گی کہ تیسرے روز آتے ہی نیوزی لینڈ پر دباؤ ڈالیں اور جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں اس کے ساتھ رنز روکنے کی بھی کوشش کریں گے، محمد عباس نے کہا کہ پچ پہلے دن کی نسبت تبدیلی ہو ئی ہے ۔
اپنی پرفارمنس کے حوالے سے محمد عباس نے کہا کہ وہ کوشش یہی کرتے ہیں کہ اگر وکٹ نہ ملے تو رنز روکیں پہلی اننگز میں بھی یہی کیا ۔