کراچی میں مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے کم عمری کی شادی اور لڑکی کی عمر زیادہ دکھانے کے خلاف کیس کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم وقار کو ڈھائی سال قید، 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
مقدے کے مدعی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم وقار نے 17 جولائی 2019 کو میری 14 سالہ بیٹی کو گھر سے اغواء کیا، میری بیٹی 14 دسمبر 2002 کو پیدا ہوئی ہے۔
لڑکی کے والد فدا حسین کا کہنا تھا کہ ملزم وقار نے ایمن کی عمر زیادہ دکھانے کے لئے جعلی دستاویزات بنوائے، دستاویزات میں ملزم نے میری بیٹی کی عمر پانچ جون 1999 کروادی تھی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف اغواء اور کم عمری کی شادی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم نے لڑکی کی عمر سے متعلق جعلی دستاویزات تیار کروائے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لڑکی نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ اسکو کسی نے اغواء نہیں کیا، لہذا اغواء کی دفعات مقدمے سے خارج کردی گئی تھیں۔
عدالت نے ملزم وقار کو سندھ چائلڈ میری ایکٹ کی خلاف ورزی پر سزا سنائی ہے، عدالت نے ملزم کی ضمانت خارج کرکے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔