• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف نے چنیوٹ مائنز کیس میں شواہد پیش کر دیئے


لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف نے چنیوٹ مائنز کیس میں شواہد پیش کر دیئے۔

شہبازِشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت لاہور کی احتساب عدالت میں ہوئی، جج جواد الحسن نے ریفرنس پر سماعت کی، جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے پیش ہونے کے بعد حاضری مکمل کروائی۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ میں چنیوٹ مائنز کیس میں کچھ شواہد دینا چاہتا ہوں، میں اس کیس میں کرپشن کے سارے ثبوت لے کر آیا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ 2007ء میں چنیوٹ مائنز کا ٹھیکہ دیا گیا، اس کنٹریکٹ میں کرپشن ہوئی، ٹھیکہ بد دیانتی کے تحت پرویز مشرف کے ایک رشتے دار کو دیا گیا۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ میں نے 2008ء میں کرپشن کرنے پر کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا، جس پر کمپنی کیس لے کر ہائی کورٹ گئی جہاں سے ہمارے حق میں فیصلہ ہوا، اس کے بعد سپریم کورٹ نے کرپشن کے خلاف اور ہمارے حق میں فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ مائنز عوام کا خزانہ ہے جہاں کسی کو فراڈ نہیں کرنے دیا جائے گا، میں نےقوم کےخزانے کی ایمانداری سےحفاظت کی، اس وقت کرپشن پر نیب نے نہیں بلکہ میں نے پہرا دیا، قوم کے 4 ارب امریکی ڈالر نیب نے نہیں شہباز شریف نے بچائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب نے 13 سال بعد ریفرنس دائر کیا، یہ پیسے نیب نےنہیں بچائے، اللّٰہ تعالیٰ کی مدد سے میری ٹیم نے بچائے، یہ خزانہ اور اربوں روپے بچا کر عوام کو تحفہ دیا، میرے خلاف نیب نے بے نامی جائیدادوں کا کیس بنایا، میں بڑا گنہگار آدمی ہوں۔

فاضل جج نے جواب دیا کہ یہ کیس میرے پاس نہیں ہے، شہبازشریف صاحب! یہ باتیں نہ کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے عوام کے سامنے شواہد بیان کرنے ہیں۔


فاضل جج نے جواب دیا کہ آپ کی باتیں سن لی ہیں اور آپ جو کہنا چاہتے تھے وہ ٹارگٹ پورا ہو گیا ہے۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف کے خلاف گواہ ابراہیم کا بیان قلمبند کر لیا گیا، نیب کے گواہ ابراہیم اِن لینڈ ریونیو میں افسر تھے۔

نیب کے گواہ نے شہباز شریف خاندان کے 1980ء سے 2001ء تک کے اثاثوں کا ریکاڈ عدالت میں پیش کر دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ریفرنس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین