• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرن شپ، پیشہ ورانہ امور کو سیکھنے کا تجربہ ہوتا ہے جو طالب علم کو اپنی دلچسپی کے کسی بھی شعبے یا کیریئر میں معنی خیز عملی کام سکھاتا ہے۔ یہ کسی بھی ادارے کی جانب سے محدود مدت کے لیے طلبا کو مہیا کیا جانے والا کام کا عملی تجربہ ہوتا ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کے دوران مختلف کاروباروں، غیر منافع بخش تنظیموں اور سرکاری اداروں میں تقرریوں کے لیے انٹرن شپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 

اداروں کو انٹرن شپ پروگرام سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انٹرنز کو ملازمت پر رکھ سکتے ہیں۔ اس طرح وہ انٹرن کی صلاحیتوں سے واقف ہوتے ہیں اور کسی نئے بندے کو آفس کے ماحول میں ڈھالنے کی دقت بھی نہیں کرنی پڑتی۔ عام طور پر ادارے خود یا پھر کسی دوسرے ادارے کے ذریعے انٹرنز بھرتی کرتے ہیں۔

ٹیلنٹ ہونے کے ساتھ تجربے اور مہارت میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔ جاب مارکیٹ کو سمجھنے کے لیے 3 ماہ سے ایک سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کسی بھی ادارے میں جب نوکری کے حصول کے لیے درخواست دی جاتی ہے تو انٹرویو میں ’’پیشہ ورانہ تجربے‘‘ کا سوال ضرور کیا جاتا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے کہ انٹرویو دینے والے پیشہ امور سے واقفیت رکھتا ہے کہ نہیں۔ پاکستان میں بہت سے تعلیمی شعبے ایسے ہیں، جن میں انٹرن شپ لازمی قرار دی جاتی ہے، جیسے کہ میڈیکل، وکالت، چارٹرڈ اکاؤنٹینسی وغیرہ۔ آج کے موضوع میں انٹرن شپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

تھیوری اور پریکٹیکل کا فرق

اس تلخ حقیقت سے انکار نہیں کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں پڑھائی جانے والی تھیوری او ر ملازمت کے دوران انجام دیے جانے والے کاموں میں کافی فرق ہوتا ہے۔ تاہم اگر آپ ملازمت اختیار کرنے سے قبل انٹرن شپ کرلیتے ہیں تو اس فرق کو کم کرنے یا سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انٹرن شپ کے دوران آپ کو بہت سی ایسی ٹپس اور ٹرِکس کا پتہ چلتا ہے، جو نہ تو نصابی کتب سکھاتی ہیں اور نہ ہی اساتذہ ان کے متعلق بتاتے ہیں۔

صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ

انٹرن شپ کے ذریعے گریجویشن کے دوران حاصل کی جانے والی تعلیم ، معلومات اور صلاحیتوں کے عملی اظہار کا بہترین موقع میسر آتا ہے۔ تعلیم کی اہمیت اپنی جگہ مگر عملی طور پر اس کا استعمال آنا بھی ضروری ہے۔ انٹرن شپ کے ذریعے طلبا کو کیرئیر کی شروعات کرنے ، مختلف اداروں میں کام کے طریقۂ کار کو سمجھنے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ۔

خود پر اعتماد بڑھنا

انٹرن شپ صرف طالب علموں کی کارکردگی میں ہی اضافہ نہیں کرتی بلکہ انھیں اپنی ذات اور مقاصد کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی دیتی ہے۔ آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، انٹرن شپ ان مقاصد کیلئے تھیم کا انتخاب کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کا خود پر اعتماد بڑھتا ہے کہ اگر کوشش کر کے وہ اپنی مطلوبہ کمپنی میں انٹرن شپ حاصل کر سکتے ہیں تو کوشش کر کے ملازمت بھی حاصل کرسکیں گے۔

سینئرز کے ساتھ کام کا موقع

انٹرن شپ کے دوران آپ کو کسی بھی ادارے کے تجربے کار اور باصلاحیت افراد کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔ آپ ان کے تجربے اور کام کرنے کے اسٹائل کو دیکھتےاور سمجھتے ہیں۔ اگرطالب علم اس دوران مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تمام تر توجہ کام سیکھنے اور کرنے پر مرکوز رکھے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہی کمپنی آپ کو مستقل ملازمت کی پیشکش بھی کردے۔

پیشہ ورانہ روابط

پروفیشنل کیریئر کے دوران پیشہ ورانہ روابط بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ انٹرن شپ آپ کو کاروبار سے وابستہ سینئر لوگوں سے ملنے جلنے، ان سے تعلقات بنانے اور خود کو کاروباری یا پیشہ ورانہ حلقوں میں متعارف کروانے کا موقع دیتی ہے۔ اس سے بعد ازاں آپ کو روزگاز/ملازمت کے حصول میں بہت مدد ملتی ہے۔

تازہ ترین