• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو شہیدوں کے لواحقین کی تضحیک کرے وہ کیا مسائل حل کرسکتا ہے، شاہد خاقان

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جو شہیدوں کے لواحقین کی تضحیک کرے وہ کیا مسائل حل کرسکتا ہے، ملک کو چلانے کے لیے عوام کو حقیقی چناؤ کا موقع دینا پڑے گا۔

جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ استعفوں کے معاملے پر آج بھی ہمارے ممبران سے رابطے کیے جارہے ہیں۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ  میں نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا، رزلٹ آیا ہے تو اب وطن واپس آرہا ہوں،  کورونا ایس او پیز کی وجہ سے نواز شریف سے ملاقات ناممکن ہے،  نہ کوئی پیغام ہے نہ پیغام دینے کی گنجائش ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ  شکرگزار ہوں کہ میری درخواست پر ایک دفعہ کے لیے نام ای سی ایل سے نکالا گیا، پہلے بھی میرا نام ای سی ایل میں رہا اور درخواست پر اجازت دی گئی،  میری درخواست پر تین ہفتے لگے لیکن ایک دفعہ نام نکالنے کی اجازت مل گئی۔


 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لڑائی کوئی نہیں ہم ملک کی بات کرتے ہیں، آج نظام آئین کے مطابق نہیں ہے، آج منتخب حکومت نہیں، انتخابات کروانا ہوں گے اس کے بعد ملک چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوام کے دباؤ سے جائے گی، یہ حکومت جیسے آئی تھی ویسے ہی جائے گی، پارلیمنٹ مفلوج ہے وہاں عوام کی کوئی بات نہیں ہوتی، اس حکومت کو خطرہ عوام سے ہے، معیشت تباہ، بیروزگاری مہنگائی عروج پر ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ این آر او کا قانون مشرف نے بنایا تھا اور وہ ختم ہوگیا،  این آر او دینے کی کسی کو اجازت نہیں، نہ کسی نے این آر او مانگا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں نیب سے کوئی بات نہیں کی، نیب سے پوچھیں جس شخص کو اربوں روپے دیے گئے وہ ایک پیسے کی کرپشن نہیں ڈھونڈ سکا۔

تازہ ترین