• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے کورونا تفتیش کیلئے عالمی معائنے کی اجازت دے دی

بیجنگ ( نیوز ڈیسک) چین نے عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین کو کورونا وائرس کی ابتدا اور اس کے پھیلاؤ کے بنیادی اسباب سے متعلق تحقیقات کرنے کی اجازت دے دی۔ اس مقصد کے لیے عالمی معائنہ کار رواں ہفتے چین کا دورہ کریں گے۔ چینی حکام نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت کے تحقیقاتی کمیشن کے ماہرین جمعرات کے روز اپنے چینی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔ بیجنگ حکومت نے اس مختصر بیان کے ساتھ مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ یہ امر بھی فی الحال واضح نہیں کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین چین کے مرکزی شہر ووہان بھی جائیں گے یا نہیں؟ یاد رہے کہ یہی وہ چینی شہر ہے، جہاں 2019 ء کے اواخر میں سب سے پہلے مہلک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ عالمی ادارہ صحت اور چینی حکومت کے درمیان اس دورے کے بارے میں ایک طویل عرصے سے مذاکرات جاری تھے۔ عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے گزشتہ ہفتے اس دورے میں مسلسل تاخیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ادارے کی ٹیم میں شامل مختلف ممالک کے ماہرین اپنے اپنے ممالک سے چین کے دورے کے لیے نکل چکے ہیں، اور ایسا عالمی ادارے اور بیجنگ حکومت کے مابین طے شدہ ایک پلان اور انتظام کے تحت کیا گیا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ چین کی رازداری کے سبب کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق انتباہی پیغامات میں تاخیر ہوئی اور اسی سبب کورونا وائرس کے بارے میں عالمی ادارۂ صحت کے ساتھ معلومات کے تبادلے میں بھی سخت رکاوٹ ڈالی گئی۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا اور دیگر ممالک نے کورونا وائرس کی ابتدا اور اس کے پھیلنے کی اصل جگہ کے بارے میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
تازہ ترین