• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے: سفیر جنجوعہ

پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں یوروپی یونین (EU) کی مارکیٹ میں اپنا حصہ مزید بڑھانے کی انتہائی صلاحیت ہے۔ یہ بات بیلجیم، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی سی ای او محترمہ صالحہ آصف اور بورڈ کے دیگر ممبران سے آن لائین ملاقات کے دوران کہی۔

عالمی وباءCOVID-19 کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل کے شعبے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے اس بات کی نشاندہی کی کہ حالیہ مہینوں میں پاکستانی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی یورپ میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں حالیہ اضافہ حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی ، صنعت کو دوبارہ کھولنے اور انرجی پیکج کا نتیجہ ہے جسکی بدولت پاکستانی برآمد کنندگان کو وبائی امراض کے اثرات سے باہر آنے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات خصوصا ٹیکسٹائل مصنوعات میں نمایاں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔

ٹیکسٹائل کے شعبے کو بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات کو زیادہ دلکش بنانے کے لئے جدت ، قدر میں اضافے ، تنوع اور جدید کاری کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی سی ای او محترمہ صالحہ آصف نے سفیرپاکستان کو آر اینڈ ڈی کے ذریعے ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کے منصوبوں اور یورپی بلاک میں زیادہ سے زیادہ مارکیٹ تک رسائی کو محفوظ بنانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

تازہ ترین