• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے سعود شکیل کی خواہش کیا؟


پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والے لیفٹ آرم بیٹسمین سعود شکیل نے اپنی خواہش کا اظہار کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر ویڈیو میں سعود شکیل نے کرکٹ کے اب تک کے سفر پر روشنی ڈالی اور ساتھ ہی اپنی خواہش کا بھی برملا اظہار کیا۔

انہوں نے دوران گفتگو کہا کہ ہر لیفٹ ہینڈ پلیئر کی طرح میں بھی کمارا سنگاکارا کو دیکھتا رہا ہوں، میری ہمیشہ سے خواہش رہی کہ اُن کے ساتھ کبھی کھیلوں یا ڈریسنگ روم شیئر کروں۔


سعود شکیل نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم میں میرا نام آنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ شروع سے ہی میرا شوق ہے، بچپن سے ہی کرکٹ کھیل رہا ہوں، خوش قسمت ہوں کہ پاتھ ویز کرکٹ سے مرحلہ وار ترقی کی۔

کرکٹ میں اپنے طویل سفر کی روداد سناتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ یو بی ایل اکیڈمی سے شروعات کی، پھر اپنے کلب، پھر پی سی سی کے زون میں گیا وہاں سے انڈر 15 کھیلی، پھر کراچی کی طرف سے انڈر 16 اور انڈر 19 کھیلا، اس طرح میں مرحلہ وار آگے بڑھا ہوں۔

سعود شکیل نے کہا کہ پی سی بی نے ہر طرز کی کرکٹ میں مجھ پر توجہ دی، میں پہلے بھی بابراعظم کی کپتانی میں انگلینڈ کے خلاف کھیل چکا ہوں، اب اُن ہی کپتانی میں ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بن رہا ہوں۔

ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے کے حوالے سے لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے کہا کہ میں نے چیف سلیکٹر کی پریس کانفرنس نہیں دیکھی، لیکن محمد وسیم مجھے جانتے ہیں وہ پی ٹی وی کی ٹیم میں میرے کوچ رہ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم ٹرافی میں نے پہلے بھی کھیلی، جتنے میچز کھیلے تھے اُسی لحاظ سے پرفارم کیا تھا، اس بار میں نے پورا ٹورنامنٹ اپنے نمبر پر کھیلا، اللّٰہ تعالیٰ کی مدد بھی شامل حال رہی۔

سعود شکیل نے بتایا کہ میرا نیچرل انداز ہے کہ میں سیٹ ہونے میں ٹائم لیتا ہوں، کوشش ہوتی ہے کہ چیزیں آسان رکھوں اور بہتر کرکٹ کھیلوں اور اسٹرائیک ریٹ بڑھاتا جاؤں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے طویل سفر کیا، میں کوشش ہے کہ اپنی بنیادی کرکٹ پر توجہ دوں اُسے انداز سے کھیلوں تاکہ قومی ٹیم میں اور اس کھیل میں میرا سفر طویل ہو۔

تازہ ترین