• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید کانسٹیبل سپردخاک، واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج

راولپنڈی ،گوجرخان( سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ) شہید کانسٹیبل نوید اصغر کو آبائی گاؤں میں نتھہ چھتر علاقہ تھانہ جاتلی سپردخاک کردیاگیا ۔اس سے قبل ان کی نماز جنازہ منگل کی صبح پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی عمران احمر، سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی سید علی اکبر اوردیگر سینئر پولیس افسران و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء وقاص اعجاز نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ دیگر کانسٹیبلز کے ساتھ ڈیوٹی پر صندل کھینگر موجود تھا کہ سوا چار بجے چار افراد سامنے سے آئے،جنہیں روکنے کی کوشش کی تو وہ بھاگ کھڑے ہوئےان کا پیچھا کیا گیا ، کس کے قریب کانسٹیبل نوید اصغر نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ زخمی ہو کر گر گئے ،ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہو رہے تھے کہ ملزمان کی فائرنگ سے ان کا ایک اپنا ساتھی زخمی ہو کر مر گیا۔کانسٹیبل نوید اصغر کو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں اس نے جام شہادت نوش کر لیا۔ ایس ایچ او ملک خضر حیات نے بتایا کہ صندل میں مکمل پکٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہےتاکہ جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھی جا سکے ۔
تازہ ترین