برطانیہ میں دہشت گردی کی سازش ناکام بناتے ہوئے لیڈز، ہیڈرز فیلڈ، ڈربی اور ویسٹ بروموچ سے 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن سے پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ نارتھ ایسٹ کے مطابق جمعے کے روز 33 سالہ شخص کو لیڈز، 31 سالہ شخص کو ہیڈرز فیلڈ، 34 سالہ شخص کو ڈربی اور 49 سالہ شخص کو ویسٹ بروموچ سے گرفتار کیا گیا تھا، یہ گرفتاریاں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2000ء کی دفعہ 41 کے تحت کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق عدالت نے تفتیشی ٹیم کو 10 ستمبر تک مشتبہ افراد کو حراست میں رکھنے اور پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ نارتھ ایسٹ کے سربراہ، ڈیٹیکٹیو چیف سپرنٹنڈنٹ جیمز ڈنکرلے نے کہا ہے کہ ان گرفتاریوں کے بعد عوام میں جو خدشات پیدا ہوئے ہیں، ان کو سمجھتے ہیں، لیکن تحقیقات کے سلسلے میں عوام کو یقین دلایا جاتا ہے کہ کسی فوری خطرے کا اندیشہ نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ عوامی تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور جیسے ہی مزید معلومات میسر آئیں گی، کمیونٹیز کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، اس دوران لوگوں سے درخواست ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور معمول کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔