• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینو کے چھلکوں سے آپ کئی طرح کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ وٹامن سی سے بھرپور پھل کے چھلکوں میں بھی فائبر، وٹامن بی 6، کیلشیم، وٹامن اے، فولک ایسڈ سمیت جڑی بوٹی ہونے کے سبب پولی فینول طبی اجزاء پائے جاتے ہیں جو دل اور معدے کے امراض میں بے حد مفید ہیں۔

یہ مانا جاتا ہے کہکینو کے چھلکے میں پولی فینول کی موجودگی دائمی صحت میں کردار ادا کرتی ہیں،اس کے علاوہ یہ ذیابطیس 1 اور ذیابطیس 2، موٹاپا، الزائیمر جیسی بیماریوں سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں کے علاج میں بھی مفید ہیں۔

کینو کے چھلکوں کو کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟

ماہرین صحت کے مطابق کینو کے چھلکوں کو براہ راست چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کی شکل میں کھایا جا سکتا ہے اور انہیں باریک باریک کاٹ کر سلاد میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے یا ان کو اسموتھی (شربت) کے طور پر بھی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔

کینو کے چھلکوں کو میٹھے میں سجاوٹ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ ان کا استعمال دہی، مفن یا کیکس میں بھی کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب کینو کےچھلکوں کا استعمال اگر آپ نے کبھی نہیں کیا تو احتیاط لازم ہے کیونکہ یہ آپ کی غذا میں بالکل نیا منفرد تجربہ ہوگا، اس لیے شروع میں کینو کے چھلکوں کا استعمال کم مقدار میں کریں اور اپنے جسم کو اس کے استعمال کا عادی بنا لیں جبکہ چھلکے ہمیشہ اچھی طرح سے دھو کر استعمال کریں۔

چھلکوں کو مزید کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟

کینو کے چھلکوں کو کاٹ کر خشک کریں اور اس سے مزیدار چائے کا لطف اُٹھائیں، یہ چائے بھی وٹامن سی سے بھرپور ہوگی۔

اگر آپ کپڑوں سے بدبو دور کرنا چاہتے ہیں تو کینو یا مالٹے کے چھلکے کاٹ کر خشک کرلیں اور انہیں الماری میں رکھ دیں، کپڑوں میں سے خوشبو آنے لگے گی۔

کینو کے چھلکوں کو اُبال کر نہانے والے پانی میں شامل کرنے سے جسم سے خوشبو آئے گی اور آپ کی جلد تازہ رہے گی۔

ان میں موجود تیزابیت کی وجہ سے دانتوں کو چمکایا جاسکتا ہے۔اگلی بار اپنے دانتوں کو ان چھلکوں سے صاف کریں اور فرق دیکھیں۔

ان چھلکوں کو جلد پر ملنے سے آپ کے قریب کیڑے مکوڑے نہیں آئیں گے، مچھروں سے بچنے کے لیے بھی یہ ایک آزمودہ نسخہ ہے۔

چھلکوں کو سرکے میں بھگو کررکھیں اور اس کی مدد سے داغ اور نشانات کو صاف کریں۔

ان چھلکوں کوخشک کرنے کے بعد اچھی طرح پیس کران کا پاؤڈر بنالیں، اب اس پاؤڈر کو شہد میں اچھی طرح حل کریں اور چہرے پر ماسک کے طور پر استعمال کریں۔

اگر آپ کچن میں موجود کچرے کی بو سے پریشان ہیں تو باسکٹ میں کینو کے چھلکے ڈال دیں،ناگوار بو کا خاتمہ ہوجائے گا۔

کینو کے چھلکوں کسے جیم بھی بنایا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین