امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں موجود 200 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں تعینات 200 نیشنل گارڈز عالمی وبائی مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔
دوسری طرف امریکا میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں آج بھی جاری رہیں، مسلسل تیسرے روز بھی 4 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں۔
امریکا میں آج کے دن کورونا وائرس کے پونے 2 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز جو بائیڈن نے اپنے پہلے 100 دن کے بڑے چیلنجز میں سے ایک امریکی عوام کو ماسک پہننے پر راغب کرنے کو قرار دیا تھا۔
ادھر برطانیہ میں کورونا وائرس سے 1400 اموات اور 40 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم بورس جانس نے کہا ہے کہ نیا وائرس زیادہ مہلک ہوسکتا ہے، کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی وزیر صحت بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں، ان کا وبائی مرض کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔