• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی گُل پیر نے اسلام آباد ریستوران کی خواتین مالکان کی مزاحیہ ویڈیو بنادی

پاکستان کے معروف کامیڈین و گلوکار علی گُل پیر نے اُردو پر انگریزی زبان کو ترجیح دینے اور منیجر کا مذاق اُڑانے پر اسلام آباد ریستوران کی خواتین مالکان کی مزاحیہ ویڈیو بنادی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ دنوں اسلام آباد کے ایک نامور نجی ریستوران کی خواتین مالکان نے منیجر کی انگریزی کا مذاق اُڑایا تھا جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ریستوران بائیکاٹ کرنے کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ رہا تو وہیں ان خواتین مالکان پر مختلف مزاحیہ اور طنزیہ میمز کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

ریستوران کی خواتین مالکان کی ویڈیو دیکھنے کے بعد شوبز ستاروں نے بھی اس کے خلاف پُرزور آواز اُٹھائی۔

اب گزشتہ روز پاکستان کے معروف کامیڈین و گلوکار علی گل پیر نے بھی اس واقعے کی مزاحیہ ویڈیو بناکر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردی ہے۔


یہ مزاحیہ ویڈیو علی گُل پیر نے اسٹینڈاپ کامیڈین اکبر چوہدری اور پاکستان میں برطانوی صحافی جارج فلٹن کے ساتھ ملکر بنائی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں علی گُل پیر نے ہوٹل مالک دیا حیدر، اکبر چوہدری نے عظمیٰ اور جارج فلٹن نے ریستوران کے منیجر کا کردار نبھایا ہے۔

علی گُل پیر کی جانب سے یہ ویڈیو بنانے کا مقصد اُن لوگوں کی نشاندہی کرنا ہے جو اُردو پر انگریزی کو ترجیح دیتے ہوئے سامنے والے کو نیچا دِکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

کامیڈین و اداکار کی اس دلچسپ ویڈیو کو اب تک تین لاکھ سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خواتین جو خود کو ایک ریسٹورنٹ کا مالک بتاتی ہیں وہ اس ریستوران کے منیجر کو بلا کر اس کے ساتھ انگریزی میں بات چیت کرتی ہیں جبکہ منیجر کی انگریزی اتنی اچھی نہیں ہوتی جس پر وہ اس کا مذاق بناتی ہیں اور تمسخر اڑاتے ہوئے ہنستی بھی ہیں۔

بعدازں ریستوران کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم کے ایک رکن کے ساتھ ’ہلکی پھلکی گفتگو‘ کو لوگوں کی جانب سے غلط انداز میں لیے جانے پر افسوس اور حیرانی ہے۔

تازہ ترین