لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ آن لائن امتحانات منعقد کرانے کا فیصلہ جامعات نے خود کرنا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بھی جامعات کی انتظامیہ کو کہا ہے کہ حالات کے پیش نظر ممکن ہو تو امتحانات آن لائن لے لئے جائیں۔گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شفقت محمود نے کہا کچھ یونیورسٹیوں کے طلبہ آن لائن امتحانات کیلئے احتجاج کررہے ہیں، اس حوالےسے ایچ ای سی کو یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے رابطہ کرنے کا کہا ہے۔ یونیورسٹیوں کو یہ بھی دیکھنا ہے کہ ان کے پاس تمام طلبا کا امتحانات لینے کی صلاحیت بھی موجود ہے یا نہیں۔یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ آن لائن امتحانات کو گریڈ لینے کیلئے غلط استعمال نہ کیا جائے۔