بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی اہلیہ و بھارتی اداکارہ نیتو کپور نے وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی جب اُنہوں نے پہلی بار رشی کپور کے ساتھ ڈانس کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر نیتو کپور نے 46 سال پُرانی ایک نایاب ویڈیو شیئر کی ہے۔
مذکورہ ویڈیو رشی کپور اور نیتو کپور کی فلم ’زندہ دل‘ کے گانے ’شام آئی سُہانی‘ کی ہے جبکہ یہ فلم سال 1975ء میں ریلیز ہوئی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رشی کپور ڈفلی بجارہے ہیں جبکہ اُن کی اہلیہ بڑے ہی شاندار انداز میں اپنی سہیلیوں کے ہمراہ ڈانس کر رہی ہیں۔
نیتو کپور نے یہ نایاب ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ ’یہ وہ گانا ہے جب اُنہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار رشی کپور کے ساتھ ڈانس کیا تھا۔‘
رشی کپور اور نیتو کپور کی اس یادگار ویڈیو کو اب تک دو لاکھ 83 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ رشی کپور اور نیتو کی شادی 1980 میں ہوئی تھی اور اِس جوڑی نے ایک ساتھ 12 فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
رشی کپور اور نیتو کپور کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، اُن کی بڑی بیٹی ردھیما کپور ہیں جبکہ بیٹا بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور ہے۔
دُنیا بھر میں مشہور بھارتی لیجنڈری اداکار رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
دوسری جانب نیتو کپور آج کل اپنی نئی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو رواں سال ریلیز کی جائے گی۔