ناردرن یورپ کے پاکستانی فزیشنز کی تنظیم ( APPNE) اور آئرش پاکستانی پروفیشنل ایسوسی ایشن( IPPA) نے تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
اس حوالے سے دونوں تنظیموں کا ایک مشترکہ آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں نومبر 2019 میں طے پانے والے ایم او یو کی بنیاد پر آگے بڑھتے ہوئے اس تعاون کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس اجلاس میں APPNE کی نمائندگی صدر ڈاکٹر عامر برنی اور ڈاکٹر عرفان اختر جبکہ IPPA کی نمائندگی اس کے صدر خالد سرور خان اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ہارون خان نے کی۔
دونوں تنظیموں کی جانب سے اس گفتگو میں ڈاکٹر حسن جاوید، محبوب مرزا، عمر دراز خان، اپنے کی آئینی کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر افضل ساول، ڈاکٹر ارم سعید اور صدف جعفر بھائی نے مل کر کیے جانے والے کام کے خدوخال واضح کیے اور اسے باقاعدہ ایک معاہدے کی شکل دی۔
جس پر دونوں تنظیموں کے ذمہ داران نے ورچوئل ذرائع سے اسے ایک دوسرے کو بھیجنے کے بعد اس پر دستخط کیے اور اسے ایک تاریخی دن قرار دیا۔
دونوں تنظیموں کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کا مقصد پاکستان کے کمزور نظام صحت میں بہتری لانے کے لیے عملی تعاون کرنا ہے۔
اجلاس میں جن دیگر افراد نے شرکت کی ان میں APPNE کے سوشل سیکٹری ڈاکٹر ہشام حق، اویس شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر ڈاکٹر عامر ایوب، نسیم وڑائچ، IPPA سے ابصار مرزا ڈاکٹر مجیب اللہ آرائیں، ڈاکٹر فضل میمن، ڈاکٹر مجیب اعوان، زبیر صدیقی اور ڈاکٹر محمد مختار شامل ہیں۔
دونوں تنظیموں کے وفود نے اس معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے برطانیہ اور آئیر لینڈ میں موجود طبی اور پیشہ ورانہ بیک گراؤنڈ کے حامل افراد پر زور دیا کہ وہ اس سے بھر فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے اس معاہدے کو پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری لانے کیلئے باہمی تعاون سے کام کرنے کا ایک موقع بھی قرار دیا۔
قبل ازیں تلاوت کلام پاک سے اس اجلاس کا آغاز ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔