• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’عہدِ وفا‘ سے شہرت پانے والی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر موجود علیزے شاہ کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 3 ملین یعنی 30 لاکھ ہوگئی ہے۔

انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافے کے بعد علیزے شاہ بھی اُن پاکستانی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جو انسٹاگرام پر کافی مقبول ہیں۔

علیزے شاہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہ آئے دن انسٹاگرام پر اپنے نت نئے فوٹو شوٹ کی تصاویر اور ٹک ٹاک ویڈیوز شیئر کرکے مداحوں کے دل جیتتی نظر آتی ہیں۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ان کی خوبصورت تصاویر کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے۔

پاکستان کی ٹاپ اداکاراؤں کے اکاؤنٹس کا اگر جائزہ لیا جائے تو عائزہ خان 8 ملین کے ساتھ تا حال سب سے آگے ہیں، دوسرے نمبر پر 7.9 فالوورز کے ساتھ ایمن خان، تیسرے نمبر پر ماہرہ خان 7 ملین فالوررز کے ساتھ ہیں جبکہ چوتھے نمبر پر سجل علی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ مبینہ طور پر علیزے شاہ اور اداکار نعمان سمیع نے راہیں جدا کر لی ہیں کیونکہ دونوں نے ہی انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو کرنا ترک کر دیا تھا۔

نعمان سمیع اور علیزے شاہ گزشتہ سال نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے ڈرامے ’میرا دل میرا دشمن‘ میں اکھٹے کام کرتے دکھائی دیے تھے۔

علیزے شاہ ناصرف اداکاری بلکہ ماڈلنگ بھی کرتی ہیں، ڈرامہ سیریل ’ عشق تماشا‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر انہیں ایوارڈ بھی دیا گیا تھا، ’عہد وفا‘ میں بھی علیزے کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی۔

تازہ ترین