رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا سینیٹ الیکشن اور وزیر اعظم عمران خان سے متعلق کہنا ہے کہ عمران نیازی اپنے پیاروں کو سینیٹ میں لانا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ عمران خان اپنی پارٹی میں بغاوت کچلنے کے لیے اوپن بیلٹ کر رہے ہیں، اس پورے پیکج کا تعلق نہ شفافیت سے ہے نہ سیاسی اصلاحات سے، اس پیکج کا تعلق صرف فرینڈز آف عمران خان کو این آر او دینے سے ہے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو دھوکا دے رہی ہے، عمران خان کی جماعت میں بغاوت ہے، عمران نیازی کو خطرہ ہے، ان کی اپنی جماعت انہیں ووٹ نہیں دینا چاہتی، حکومت سینیٹ میں شفافیت کے نام پر دھوکا دے رہی ہے، سینیٹ اوپن الیکشن کے خلاف ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ریفرنس عدالت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے، حکومت پاکستان میں آئینی انتشار پھیلا رہی ہے اور اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر یقین رکھتی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، روزگار والے لوگ بے روزگار ہوگئے، کل علماء مشائخ کانفرنس میں عمران خان کے الزامات اخلاق سے گری حرکت تھی، عمران نیازی نے علماء کے سامنے جھوٹے الزام لگائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وعدہ کیا گیا تھا، آٹا، چینی سستی ہوگی، آج پاکستان میں ہر جگہ مہنگائی ہے۔
احسن اقبال کا مسلم لیگ ن کی قیادت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے جو وعدے کیے، سب پورے کیے، عمران خان نے اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، ایک طرف جھوٹی قیادت دوسری طرف سچی قیادت ہے، عمران نیازی اپنے مفادات کے تحت اپنی پالیسیاں بدل لیتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایک دوست نااہل ہونے والا ہے، جھوٹ اور بہتان کی وجہ سےحکومت نہیں چل رہی۔