نیوکاسل (پ ر)کشمیری کمیونٹی رہنما ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جنگ و جیو نیوز کا رشتہ عوام سے ہے، یہ ادارہ تارکین وطن کشمیریوں کی آواز ہے، کراچی میں جنگ و جیو کے مرکزی آفس پر حملہ، تھوڑ پھوڑ، غنڈہ گردی اور گالم گلوچ پر برطانیہ میں تارکین وطن کشمیریوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے جنگ و جیو سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ صحافتی ادارے پر حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ و جیو کے دفتر کی حفاظت کو یقینی بنائے اور حملہ کے ذمے دار افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لاکر واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔ انہوں نے جنگ و جیو کی انتظامیہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔