• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن، پیرس، ویانا میں ’معرکۂ حق‘ کی پہلی سالگرہ کی تقریبات، مسلح افواج کو بھرپور خراجِ تحسین

---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ’معرکۂ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پُروقار خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، پاکستانی نژاد کونسلرز، تاجروں، ہائی کمیشن افسران، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کلیدی خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے، ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران افواجِ پاکستان نے تیز، فیصلہ کن اور مؤثر ردعمل دیا جس نے ملک کی خودمختاری اور وقار کا دفاع کیا۔

اُنہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر کموڈور جواد خواجہ اور آرمی و ایئر ایڈوائزر کرنل محسن وقار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی افواج نے اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

پریس منسٹر علی نواز ملک نے بتایا کہ ہائی کمیشن نے برطانوی میڈیا کو درست معلومات فراہم کرنے اور جھوٹے بیانیے کے مقابلے میں مؤثر کردار ادا کیا۔

پیرس میں بھی شاندار تقریب، قومی اتحاد کا پیغام

---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو

پیرس میں بھی ’معرکۂ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پرجوش اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کیا۔

تقریب میں پاکستان سے آئے صحافیوں، پاکستانی سفارت خانے کے نمائندوں، ملٹری اتاشی، پریس کونسلر، سول قیادت اور بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔

شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور عوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی نے ملک کی خودمختاری کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب سے خطاب میں شرکاء نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’معرکۂ حق‘ کا جذبہ آئندہ بھی پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور متحد رکھے گا۔

دونوں تقریبات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی اتحاد، افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کی حمایت نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ویانا میں پاکستانی کمیونٹی کا فوج سے اظہارِ ہکجہتی

ویانا میں بھی سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے ’معرکۂ حق 2025ء‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آسٹریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اہلِ خانہ سمیت شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

تقریب کے دوران ’معرکۂ حق‘ میں پاکستان کی مبینہ کامیابیوں پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، بعد ازاں شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی تھا۔

---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو

سفارتی حلقوں اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اس تقریب کو بیرونِ ملک پاکستانیوں کے درمیان روابط کے فروغ، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے اظہار کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید