• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادیہ خان نے شوہر کی سالگرہ پر کیک کی جگہ کیا دیا؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے شادی کے بعد شوہر کی پہلی سالگرہ پر اُنہیں انوکھا تحفہ دے دیا۔

گزشتہ ماہ ایک بار پھر سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی نادیہ خان نے اپنے شوہر کی سالگرہ کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی۔


مذکورہ ویڈیو میں نادیہ خان اپنے شوہر سے پوچھتی ہیں کہ کیا آپ اپنی سالگرہ پر خوش ہیں؟ جس کے جواب میں اُن کے شوہر کہتے ہیں کہ ’ہاں میں خوش ہوں۔‘

اس کے بعد نادیہ خان اپنے شوہر کے سامنے مزیدار ڈش ’ڈائنامائٹ چکن‘ رکھ دیتی ہیں جسے دیکھ کر اُن کے شوہر کی خوشی دوبالہ ہوجاتی ہے۔

نادیہ خان کہتی ہیں کہ لوگ سالگرہ، کیک کاٹ کر مناتے ہیں اور ہم یہاں ڈائنامائٹ چکن سے جشن منارہے ہیں۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نادیہ خان نے کیپشن میں لکھا کہ ’میری محبت کو سالگرہ مبارک ہو۔‘

نادیہ خان نے اپنے شوہر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میری زندگی میں شامل ہوکر مجھے محبت اور عزت و احترام دینے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’میری دُعا ہے کہ ہم اسی طرح ہماری لاتعداد سالگرہ ایک ساتھ منائیں۔‘

واضح رہے کہ نادیہ خان گزشتہ ماہ ریٹائرڈ پی اے ایف آفیسر اور فائٹر پائلٹ فیصل ممتاز راؤ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔

نادیہ خان کے شوہر پاک فضائیہ میں 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں ونگ کمانڈر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔

نادیہ خان اس سے قبل بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور اُن کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑ ی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔

تازہ ترین