• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مضبوط ، ترقی یافتہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری، سردار مسعود

لاہور(نمائندہ جنگ) صدرآزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد خان نےکہا ہے کہ پاکستانی نوجوان پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں کیونکہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نےسیمینار میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ سیمینار میں وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر،سینئرصحافی مجیب الرحمٰن شامی، ڈاکٹر مجاہد علی منصوری، ڈین فیکلٹی آف بی ہیوریل اینڈ سوشل سائنسز ڈاکٹر عنبرین جاوید، ڈائریکٹر سکول آف میڈیا سٹڈیزڈاکٹر نوشینہ سلیم، فیکلٹی ممبران اور طلبا ٔو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینارسےخطاب میں سردار مسعود خان نے کہا دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا ملک پاکستان ابھی تک ادھورا ہے کیونکہ کشمیر کو تاحال آزادی نہیں ملی۔ کشمیر پاکستان کی حقیقی معنوں میں شہ رگ ہے۔بی جے پی ایک فاشسٹ پارٹی ہے جو بھارت سے مسلمانوں کا خاتمہ چاہتی ہے۔بھارت کے عزائم میں ریاست جموں و کشمیر پر مکمل قبضہ اور بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنا شامل ہے۔ بھارت کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب اور قابل گرفت ہے۔ ادارہ علوم ابلاغیات کے طلباء مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔ وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر نے کہا کہ پاکستان کا موقف 1947ء والا ہے کہ کشمیر پاکستان کا ہے اور کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے الیکشن مہم کے دوران کشمیریوں کی حمایت کرنے کا یقین دلایا تھا ہم انہیں ان کا وعدہ یاد دلاتے رہیں گے۔

تازہ ترین