• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ایک شاندار تجربہ ہوگا: بین ڈنک

آسٹریلین کرکٹر بین ڈنک نے سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا ہے، انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

آئندہ سال آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جہاں وہ دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گا۔

پاکستان سپر لیگ کی سب سے معروف فرنچائیز لاہور قلندر کے آل راونڈر آسٹریلوی کھلاڑی بین ڈنک نے ایک بیان میں کہا کہ وہ آئندہ سال آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بہت پر امید ہیں کہ یہ ٹور پاکستانی عوام اور کرکٹرز کے لیے شاندار ہوگا۔ 


بین ڈنک نے کہا کہ وہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے 100 فیصد مطمئن ہیں، وہ چار مرتبہ پاکستان آچکے ہیں اور انہوں نے یہاں کبھی خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھا۔

بین ڈنک نے مزید کہا کہ یہاں ہوٹل سے لے کر گراؤنڈ تک بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں، ایسے میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان یہاں کے عوام کے لیے ایک شاندار تجربہ ہوگا۔

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ 2019 میں دوبارہ بحال ہوچکا ہے اور اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو بھی رواں سال پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

بین ڈنک مسلسل دوسری مرتبہ لاہور قلندرز کا حصہ بنے ہیں۔ وہ اس سے قبل ایڈیشن 2019 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

بین ڈنک نے کہا کہ پاکستانی کراؤڈ شاندار ہوتا ہے اور انہیں امید ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم بھی پاکستانی کراؤڈ کے سامنے کھیل کر لطف اندوز ہوگی، آسٹریلوی کرکٹر پاکستان کی میزبانی کے بھی معترف ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ اب تک چار مرتبہ پاکستان آچکے ہیں، انہیں یہاں کی میزبانی اور کھانے بہت پسند ہیں، مقامی افراد کی حوصلہ افزائی بھی شاندار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس پی ایل کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کا تجربہ بہت اچھا رہا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم گزشتہ سال ایونٹ کی رنرز اپ ٹیم رہی تھی اور انہوں نےگزشتہ ایڈیشن کے گیارہ میچوں میں 37.50 کی اوسط سے تین سو رنز بنائے تھے۔ اس دوران اُن کا اسٹرائیک ریٹ167.59 رہا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں تمام کھلاڑیوں کا اپنا ایک کردار تھا، تاہم وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کی متعدد اننگز نے ٹیم کی جیت میں بڑا کردار ادا کیا۔

تازہ ترین