• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن نوٹ کو عزت دو کے بیانئے پر کھڑی ہے‘ تحریک انصاف

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عامر مغل نے کہا ہے کہ اپوزیشن وفاقی دارالحکومت سے سینٹ کی سیٹ جیت کر بھی ہار چکی اور عمران خان پارلیمینٹ سے سرخرو ہو گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیکر اپوزیشن کو چاروں شانے چت کر دیا۔ ایک بیان میں عامر مغل نے کہا کہ اپوزیشن کا ووٹ کو عزت دینے کا نام نہاد بیانیہ آج کھل کر قوم کے سامنے آ گیا ہے، سینٹ الیکشن سے ثابت ہوا کہ اپوزیشن ووٹ کو عزت دینے کے نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دو کے بیانئے پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سینٹ کی ایک سیٹ جیت کر وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن اعتماد کا ووٹ لینے کے دلیرانہ فیصلہ سے عمران خان آج پوری قوم کے سامنے سرخرو ہو گئے۔ عوام نے یکجہتی کیلئے ڈی چوک آ کر ثابت کیا کہ وہ عمران خان کے حقیقی سلیکٹر ہیں۔ عمران خان کو اگر قوم کو مینڈیٹ دیا ہے تو اس مینڈیٹ کی حفاظت کرنا بھی عوام خوب جانتے ہیں۔ عامر مغل نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اقتدار آنی جانی چیز ہے‘ چاہے وہ اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر عوام کیلئے ہمیشہ لڑتے رہیں گے۔
تازہ ترین