• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیلانی کی جیت چوری کی گئی، نتیجہ چیلنج کریں گے، پی ڈی ایم

گیلانی کی جیت چوری کی گئی، نتیجہ چیلنج کریں گے، پی ڈی ایم


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) پی ڈی ایم کے رہنماؤں بلاول بھٹوزرداری ‘یوسف رضا گیلانی ‘راجہ پرویز اشرف ‘احسن اقبال اورقمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ یوسف رضاگیلانی جیت چکے ہیں‘ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چوری کیا گیا‘7ووٹ ناجائز طریقے سے مستردکئے گئے۔

عدالت جانے کا فیصلہ کیاہے ‘نتیجہ چیلنج کریں گے‘امیدہے انصاف ملے گا‘ جوچیئرمین بٹھایا گیا ہے، اکثریت کی نفی کرکے بٹھایا گیا ہے‘سنجرانی کو خوددستبردارہوجانا چاہئے ‘عمران خان دھاندلی خان ہے ڈسکہ میں بھی ڈاکہ ڈالا ہم ان کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے‘ حق لینا جانتے ہیں ‘انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ‘عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے‘ان کی کامیابی عارضی ہے یہ کامیابی وہ ہضم نہیں کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں اپوزیشن امیدواروں کی شکست کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ یوسف رضاگیلانی جیت چکے ہیں، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چوری کیا گیا۔ 

زرداری ہاؤس اسلام آباد میںیوسف گیلانی کے ساتھ پریس کانفرنس میں بلاول نے کہا کہ یوسف گیلانی جیتنے کے باجود چیئرمین سینیٹ کی کرسی پر نہیں بیٹھے، جب ووٹر کی نیت ظاہر ہوچکی تو ووٹ ہوچکا ہے، 7 ووٹ ناجائز طریقے سے مسترد کیے گئے، یہ 7 ووٹ شامل کریں تو یوسف رضا گیلانی جیت چکے ہیں۔قومی اسمبلی اور سینیٹ بھی عمران خان کے ساتھ نہیں پی ڈی ایم کے ساتھ ہے، سینیٹ میں ایک نہیں چار خفیہ کیمرے لگائے گئے تھے ۔

گیلانی چیئرمین سینیٹ بن چکے ہیں، مریم نواز اوردیگرپی ڈی ایم قیادت سے مشاورت کے بعد عدالت میں جانے کافیصلہ کیاہے‘یہ ایک کھلا کیس ہے ‘ہمیں امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا اور ہائیکورٹ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی‘ گیلانی کاووٹ مسترد ہونےپرہمارےارکان کےحوصلےپست ہوئے ورنہ غفورحیدری بھی جیت جاتے۔

ادھر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھاکہ جس طریقے سے گیلانی کو اکثریت کے باوجودہرایا گیا، قابل مذمت ہے، ایوان میں 6 خفیہ کیمرےلگائے گئے تھے‘7ارکان نے خانے کےاندر گیلانی کےنام پر مہرلگائی، یوسف رضا گیلانی کے7 ووٹ مسترد کرکے انہیں ہرایا گیا۔ 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امید ہے عدالت میں یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوں گے۔حکومت نے ہر حربہ استعمال کرکے الیکشن چوری کیا، جوچیئرمین بٹھایا گیا ہے، اکثریت کی نفی کرکے بٹھایا گیا ہے، سنجرانی جمہوریت سے محبت کرنے والے ہوتے تو خود ہی دستبردارہوتے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا تھاکہ آج پی ڈی ایم کامیاب ہوئی ہے، ہمیں 49 ووٹ ملےہیں لیکن یوسف رضا گیلانی کو 7 ووٹ مسترد کرکے ہرایا گیا۔

احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران عدالتی فیصلے بھی پڑھے اور کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہیں کہ ووٹر کی نیت دیکھنی ہے، نام کے خانےمیں مہر لگانے کا مطلب ہےکہ ووٹرکی نیت درست ہے، جومہر امیدوار کے خانےمیں نام پر لگایاگیا وہ درست ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 7 کے 7 ووٹوں میں امیدوار کے نام کےخانےمیں مہرلگائی گئی تھی، ہم اسےچیلنج کریں گے اور عدالت سےتوقع ہےاس کی درستی کرے گی۔

عمران خان دھاندلی خان ہے ڈسکہ میں بھی ڈاکہ ڈالا ہم ان کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج عوام دیکھ لے کہ اعلیٰ اصولوں کی بات کرنے والے کیا کر رہے ہیں، ہم بھٹو شہید کے ماننے والے ہیں حق لینا جانتے ہیں۔

تازہ ترین