بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی اپنی اہلیہ و اداکارہ نیتو کپور کے ساتھ گُزاری گئی آخری چھٹیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رشی کپور کی موت کو 11 ماہ مکمل ہونے پر اُن کی اہلیہ و اداکارہ نیتو کپور نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کی ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں رشی کپور اپنی اہلیہ کے ہمراہ نیویارک میں سیر و تفریح کرتے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رشی کپور کوئی گانا بھی گنگنا رہے ہیں جبکہ بالی ووڈ کی یہ مقبول ترین جوڑی بےحد خوش بھی نظر آرہی ہے۔
نیتو کپور نے اس یادگار ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’آج رشی کو اس دُنیا سے گُزرے 11 ماہ ہونے والے ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں آج رشی کی یاد میں آپ سب کے ساتھ ہماری آخری سیر و تفریح کے حسین لمحات شیئر کر رہی ہوں جو ہم نے نیویارک میں گُزارے تھے۔‘
نیتو کپور کی ویڈیو دیکھ کر رشی کپور کے مداح اُن کی یاد میں ایک بار پھر جذباتی ہوگئے ہیں جبکہ صرف دو گھنٹے میں اس ویڈیو پر دو لاکھ سے زائد ویوز آچکے ہیں۔
یاد رہے کہ رشی کپور اور نیتو کی شادی 1980 میں ہوئی تھی اور اِس جوڑی نے ایک ساتھ 12 فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
رشی کپور اور نیتو کپور کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، اُن کی بڑی بیٹی ردھیما کپور ہیں جبکہ بیٹا بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور ہے۔
دُنیا بھر میں مشہور بھارتی لیجنڈری اداکار رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
دوسری جانب نیتو کپور آج کل اپنی نئی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو رواں سال ریلیز کی جائے گی۔