فلم اسٹار ہمایوں سعید نے حسینہ معین کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حسینہ آپا آخری سانس تک ہماری سرپرست رہیں۔
ہمایوں سعید نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ہماری ڈرامہ انڈسٹری میں حسینہ آپا کی انمول شراکت نے بہت سوں کے لئے راہ ہموار کرنے میں مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ ناصرف ایک عظیم مصنفہ تھیں بلکہ ایک نڈر اور طاقتور خاتون تھیں جو اپنی آخری سانس تک ہمارا سرپرستی کرتی رہیں۔‘
واضح رہے کہ معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین 79 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئیں۔
ڈرامہ نگار حسینہ معین کے بھتیجے سعید کا کہنا ہے کہ حسینہ معین لاہور جانے کے لیے تیار ہو رہی تھیں کہ اچانک دل کا دورہ پڑا۔
حسینہ معین 20 نومبر1941ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم کانپور سے حاصل کی۔