بالی ووڈ اداکارہ الیانا ڈی کروز کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتی کہ پاپارازی میرے بچوں کی تصاویر لیں، یہ میرے لیے الجھن کا باعث ہو گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق الیانا ڈی کروز نے یہ بات پاپارازیوں کی طرف سے تصاویر لیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی ہے۔
الیانا ڈی کروز اور مائیکل ڈولان کے دو بیٹے ہیں، اداکارہ نے بالی ووڈ کی مشہور شخصیات دپیکا پاڈوکون اور انوشکا شرما کی طرح کہا ہے کہ وہ اپنے 2 بیٹوں کیانو رافے ڈولان اور کوآ فینکس ڈولان کی پاپارازیوں کی طرف سے تصویریں لیے جانے پر ٹھیک محسوس نہیں کر رہیں، یہ میرے بچوں کے لیے بھی انتہائی الجھن کا باعث ہو گا۔
الیانا کہا کہ میرے لیے اپنے بچوں کے ساتھ تصویریں بنوانا یقینی طور پر مشکل ہوتا ہے، یہ بچوں کے لیے بھی انتہائی الجھن کا باعث ہوتا ہے اور یہ ان کے ساتھ غیر منصفانہ ہے کیونکہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی میں پاپارازیوں کے ساتھ میرے اچھے تعلقات رہے ہیں اور ہر بار جب میں نے انہیں بتایا ہے کہ میں بہتر محسوس نہیں کر رہی، براہِ کرم تصویر مت لو تو انہوں نے واقعی میری خواہش کا احترام کیا ہے۔
الیانا نے مائیکل ڈولان سے مئی 2023ء میں خاموشی سے شادی کر لی تھی، ان کے یہاں اگست 2023ء میں پہلا بیٹا کوآ فینکس ڈولان کی پیدائش ہوئی تھی جبکہ الیانا اور ان کے شوہر مائیکل ڈولان نے رواں سال 19 جون کو کیانو رافے ڈولان کا استقبال کیا تھا۔
الیانا کو آخری بار 2024ء کی رومانوی کامیڈی فلم ’دو اور دو پیار‘ میں دیکھا گیا تھا، جس میں ودیا بالن، پراتک گاندھی اور سینڈیل راما مورتی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
الیانا کی مشہور فلموں میں برفی، پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو، میں تیرا ہیرو، رستم، امر اکبر انتھونی، دی بگ بل اور تیرا کیا ہو گا لولی شامل ہیں۔