• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلیم عادل شیخ رہائی کے بعد اپنے حلقے میں ورکرز کے گھر پہنچ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ رہائی کے بعد اپنے حلقے میں ورکرز کے گھر پہنچ گئے۔

حلیم عادل شیخ نے مختلف مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کے گھر پہنچ کر اہلخانہ سے ملاقاتیں کی۔

اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پولیس نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا، پولیس نے کارکنوں کو گھروں میں گھس کر گرفتار کیا تھا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گرفتاری کے بعد تھانوں سمیت 25 دنوں تک جیل میں قید رکھا گیا تھا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کے گھروں میں گھس کر چھاپے مارے گئے تھے لیکن ایسے حالات میں بھی کارکنوں کی ہمت قابل ستائش تھی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پورے سندھ میں جو کارکنوں پر مظالم ہورہے ہیں ان پر ایک سیل بنا رہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے اپنے کارکنان کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکر اپنے آپ کو لاوارث نہ سمجھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر رہا کیا گیا تھا۔

حلیم عادل شیخ کو جناح اسپتال سے جیل حکام نے رہا کیا، عادل شیخ حلیم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے دو مقدمات میں جیل میں تھے۔

اُن پر جلاؤ گھیراؤ، سرکاری کام میں مداخلت اور پولیس اہلکار کو زخمی کرنے کے مقدمات ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پر انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا، مقدمات میمن گوٹھ تھانے میں درج ہوئے۔

تازہ ترین