• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نائلہ جعفری کی حمایت میں یاسر اور میکال نے بھی آواز بلند کردی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کینسر کی شکار سینئر اداکارہ نائلہ جعفری کی جانب سے ڈراموں کو دوبارہ نشر کیے جانے پر اداکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ دیے جانے اور مالی مدد کی اپیل کے بعد اداکار بھی ان کی مدد کے لیے سامنے آگئے۔ اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ کی وزارت ثقافت نے نائلہ جعفری کی مدد کا اعلان کیا تھا اور اداکارہ کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔اور اب نائلہ جعفری کی مدد کے لیے اداکار میکال ذوالفقار اور یاسر حسین بھی سامنے آگئے۔میکال ذوالفقار اور یاسر حسین نے نائلہ جعفری کی کسم پرسی پر اداکارہ کے مطالبے کی حمایت کی اور کہا کہ ٹی وی مالکان کو ڈرامے دوبارہ نشر کرنے یا انہیں یوٹیوب سمیت دیگر سائٹس پر چلانے کا معاوضہ بھی دینا چاہیے۔میکال ذوالفقار نے نائلہ جعفری کی معاونت کا اعلان کرنے پر سندھ حکومت کی تعریف کی اور ساتھ ہی کہا کہ یہ لازمی ہوگیا ہے کہ ٹی وی مالکان ڈرامے کو دوبارہ نشر کرنے یا پھر اسے یوٹیوب سمیت دیگر سائٹس پر چلائیں تو اداکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ دیں۔میکال ذوالفقار کے مطابق ٹی وی مالکان کو لکھاریوں، ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز سمیت اداکاروں کو بھی ہر بار معاوضہ دینا چاہیے اور اب اس عمل کو تبدیل ہونا چاہیے کہ صرف ایک بار ہی معاوضہ ملے گا۔میکال ذوالفقار پہلے بھی مطالبہ کر چکے ہیں کہ ڈرامے کو دوبارہ نشر کرنے پر ٹی وی مالکان اداکاروں کو معاوضہ بھی دوبارہ فراہم کریں۔ اداکار یاسر حسین نےکہا کہ یہ ٹی وی والوں اور اداکاروں کے لیے شرم کا مقام ہے۔یاسر حسین نے لکھا کہ افسوس صد افسوس، پھر ہم کہتے ہیں کہ ہمیں خدا کا خوف ہے اور آخرت سے ڈرتے ہیں۔دونوں اداکاروں کی طرح دیگر شوبز شخصیات نے بھی نائلہ جعفری کی کسم پرسی پر آواز اٹھائی اور ان کی مالی معاونت کا مطالبہ کیا۔خیال رہے کہ نائلہ جعفری 2016 سے بیمار ہیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی۔وہ 2016 سے مسلسل زیر علاج ہیں اور وقتاً فوقتاً اسپتال داخل ہوتی رہی ہیں۔

تازہ ترین