• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہالینڈ کی ڈائری۔۔۔ راجہ فاروق حیدر
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے ،ماضی میں اِس حساس مسئلے پر قراردادیں بھی پاس کی گئیں،جن پر ہندوستان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے عملدرآمد نہ کیا جا سکا۔یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ بھارت عرصہ دراز سے مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے اور انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔انٹرنیشنل ہیومن رائٹس تنظیموں کی درجنوں رپورٹس سامنےآچکی ہیں،مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ظلم و ستم،تشدد اورانسانیت سوز سلوک کا سلسلہ گزشتہ 73برس سے نا صرف جاری ہے بلکہ گزشتہ چند سال  سے کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم اور قتل و غارت کے واقعات میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔اگرچہ کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر کشمیر کاز کو زندہ رکھا ہے۔گزشتہ دنوں  پاکستانی  وزارت ِ تجارت کی اقتصادی کمیٹی نے حکومت پاکستان کو بھارت سے چینی ،کپاس ،دھاگہ اور دیگر اشیاء برآمد کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ بھارت سے خریدنے پر ہمیں یہ اشیاء 15فیصد سستی پڑیں گی۔یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ کرکے عوام کے دل جیت لئے کہ پہلے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35-Aکا خاتمہ ،مسئلہ کشمیر کا حل پھر تجارت ۔ اِن حالات میں جب بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر رہا ہے۔وہاں حکومت پاکستان کا  یہ فیصلہ مستحسن اقدام ہے۔ ہالینڈ میں بھی کشمیریوں اور پاکستانیوں نے حکومت پاکستان کے اِس فیصلے کو سراہا ہے۔یاد رہے کشمیر پیس فورم نیدرلینڈ یورپی ایوانوں میں گزشتہ کئی دھائیوںسے مسئلہ کشمیر اُجاگر کر رہا ہے ۔فورم نے اپنے ماہانہ اجلاس میں حکومت کے اِس فیصلے کو دانشمندانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر بھارت سے اچھے تعلقات اور خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ گزشتہ ادوار میں بھی بھارت کی کوششیں رہی ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو پسِ پشت ڈال کر آلو،پیازاور دیگر اجناس کی باہمی تجارت کے موضوع کو فروغ دیا جائے۔ہم اکثر دنیا کے دیگر ممالک کو بھی دوش دیتے ہیں کہ بھارت چونکہ ایک بڑا ملک ہے اور دنیا کے بھارت کے ساتھ اقتصادی مفادات ہونے کی وجہ سے عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دبائو نہیں ڈالتی۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی بصیرت مسلمہ ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کے غیور عوام کشمیریوں سے محبت رکھتے ہیں ۔ کورونا وائرس کی وبا جو دنیا پر عذاب الٰہی کی صورت میں مرحلہ وار نازل ہو رہی ہے۔اب تک 27لاکھ سے زائد انسانوں کی جانیں لے چکی ہے۔نیدرلینڈمیں بھی بدستور سمارٹ لاک ڈائون اور رات کا کرفیو نافذ ہے۔گزشتہ ہفتے چار لاکھ 80ہزار 186کیسز مثبت آئے۔ڈیڑھ سو کے قریب ہلاکتیں ہوئیں ۔تاہم صورتحال قدرے بہتری کی جانب آ رہی ہے۔دعا ہے اﷲتعالیٰ بنی پاک رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اﷲعلیہ وآلہ وسلم اورآپ کی آل پاک کے صدقے پوری انسانیت پر رحم فرمائے اور اِس مہلک وباسے نجات دے۔آمین
تازہ ترین