پاکستان فلم انڈسٹری کےسینئر ہدایت کار اور پروڈیوسر سید سلیمان المعروف ایس سلیمان طویل علالت کے بعد 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ایس سلیمان کی اہلیہ معروف اداکارہ زریں پناہیں کا کہنا ہے کہ ایس سلیمان گزشتہ ایک سال سے مختلف اوقات میں نجی اسپتال میں زیرعلاج رہے،دو روز قبل ایس سلیمان کی حالت زیادہ بگڑی اور آج وہ دارِ فانی سے کُوچ کرگئے۔
اہلیہ کے مطابق ایس سلیمان کی نماز جناز جمعہ کو نجی سوسائٹی میں اداکی جائیگی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ فلم ڈائریکٹر ایس سلیمان طویل عرصے سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے، ایس سلیمان کو ایک عرصے سے فالج تھا ،ذیابیطس کےمرض میں بھی مبتلا تھے۔
فلم ڈائریکٹر ایس سلیمان ماضی کے اداکار سنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی تھے۔
بھارت کے شہر حیدرآباد میں پیدا ہونے والے ایس سلیمان کی پہلی فلم ’گلفام‘ 1961 میں ریلیز ہوئی۔
ایس سلیمان نے 60 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی، ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں اناڑی، زینت، باجی شامل ہیں۔
ایس سلیمان کی دیگر فلموں میں اف یہ بیویاں، محبت، آگ، جیسے جانتے نہیں، لوری، تیری صورت، میری آنکھیں اور انسانیت بھی شامل ہیں۔
بطور ہدایت کار ان کی آخری ریلیز شدہ فلم ویری گڈ دنیا ویری بیڈ لوگ تھی، جو 1998 میں ریلیز ہوئی، 2004 میں انہوں نے عبداللہ کادوانی، سلمان نینی تال والا اور ہمایوں سعید کی ذاتی ڈرامہ سیریل انا کی ڈائریکشن دی، جسے ملک بھر میں بے حد پسند کیا گیا۔ اس کے بعد ان کی ڈائریکشن میں 2006 میں ’کچھ دل نے کہا‘ ٹی وی سے پیش کیا گیا۔
ایس سلیمان کا دور پاکستان کی فلمی دور کا ایک کامیاب اور سنہرے دور کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔